ڈھاکہ (شِنہوا) بنگلہ دیش کے پہلے جدید ترین اور کنٹرولڈ ایکسپریس وے، ڈھاکہ بائی پاس ایکسپریس وے کا ایک حصہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ چینی کمپنی کی سرمایہ کاری اور زیرانتظام بننے والے اس ایکسپریس وے پر درگا پوجا کی تعطیلات کے دوران 20 سے 24 اکتوبر کے دوران مسافروں کی سہولت کے لئے کوئی ٹول یا فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
منصوبے کی انتظامیہ کے مطابق ٹول ٹیکس سے مستثنیٰ سفر کی یہ سہولت ایکسپریس وے کے پورباچل سے بھولتا تک حصے پر دستیاب ہوگی۔ منصوبے کے تحت حال ہی میں ایک اہم رابطہ سڑک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایکسپریس وے کی مرکزی گزرگاہ کے ابتدائی 35 کلومیٹر حصے پر ٹریفک کی بلا تعطل آمدورفت ممکن ہو گئی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد تہوار کے دوران ٹریفک کا دباؤ کم کرنا ہے تاکہ اپنے آبائی علاقوں کو واپس جانے والے اور رشتہ داروں سے ملنے کے لئے سفر کرنے والے شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
درگا پوجا بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے اہم ترین مذہبی تہواروں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر لوگ روایتی طور پر اپنے رشتہ داروں سے ملنے اور مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے سفر کرتے ہیں جس کے باعث آمدورفت کی طلب بڑھ جاتی ہے۔
تقریباً 48 کلومیٹر طویل ڈھاکہ بائی پاس ایکسپریس وے ایک مشترکہ منصوبے کے تحت تعمیر اور چلایا جا رہا ہے جس میں بنگلہ دیش کی دو کمپنیوں کے ساتھ چین کے شو ڈاؤ انویسٹمنٹ گروپ کی ذیلی کمپنی "سیچھوان روڈ اینڈ برج گروپ کمپنی لمیٹڈ” بنیادی شراکت دار کے طور پر کام کر رہی ہے۔
یہ بنگلہ دیش کا پہلا سڑک منصوبہ ہے جو سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ کئی اہم قومی شاہراہوں کو آپس میں ملانے والی اس ایکسپریس وے کی تکمیل سے دارالحکومت ڈھاکہ کے گرد ٹریفک کا دباؤ کم ہونے، علاقائی نقل و حمل کے رابطے بہتر بنانے اور رسد و ترسیل کے نظام کی کارکردگی میں اضافے کی توقع ہے۔


