لندن (شِنہوا) برطانیہ میں چینی سفارت خانے نے چینی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ برطانیہ میں داخل ہوتے یا وہاں سے روانہ ہوتے وقت احتیاط برتیں، کیونکہ برطانوی سرحدی حکام کی جانب سے جانچ پڑتال کے دوران متعدد چینی شہریوں کو حراست میں لے کر طویل وقت تک پوچھ گچھ کی گئی۔
برطانیہ میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹس کے مطابق ان شہریوں کے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کی جانچ پڑتال کی گئی اور انہیں ضبط بھی کیا گیا۔
ان واقعات میں چین کے کاروباری وفود کے ارکان، برطانیہ میں اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے آنے والے چینی شہری اور عام چینی سیاح شامل تھے۔
سفارت خانے نے نوٹس میں برطانیہ میں مقیم یا وہاں سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے چینی شہریوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی ذاتی سلامتی کے حوالے سے زیادہ محتاط رہیں، اپنی ذاتی اشیاء اور نجی معلومات کی حفاظت کریں اور برطانیہ کے متعلقہ قوانین اور طریقہ کار پر بھی توجہ دیں۔
برطانوی سرحدی حکام نے دعویٰ کیا کہ وہ انسداد دہشت گردی اور سرحدی سلامتی ایکٹ 2019 کی دفعات کے تحت کارروائی کر رہے تھے۔
چینی سفارت خانے کے مطابق چین نے اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکومت کے سامنے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ چین برطانیہ پر زور دیتا رہے گا کہ وہ چینی شہریوں کو من مانے طریقے سے حراست میں لینے اور ان سے پوچھ گچھ کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ چین برطانیہ میں اپنے شہریوں کی سلامتی اور ان کے قانونی حقوق و مفادات کے تحفظ کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔


