نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی پولیس نے جمعہ کو کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے اور ان کے حامیوں کو احتجاج سے پہلے حراست میں لے لیا۔ مظاہرین چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پولیس نے سینٹرل پارک اور کناٹ پلیس میں سکیورٹی سخت کر دی تھی۔
پولیس نے ابھیجیت دیپکے کو احتجاج سے پہلے قانون کی پابندی کرنے کا نوٹس دیا تھا اور انہیں ممکنہ خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہ کیا تھا۔ دہلی کے کناٹ پلیس میں بھاری نفری تعینات رہی جبکہ ممبئی اور بنگلورو میں بھی مظاہرے ہوئے۔
بھارت میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا معاملہ سیاسی تنازع بن گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ اس عمل سے اقلیتی برادریوں کے ووٹ متاثر ہو سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور بی جے پی ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے سوشل میڈیا پر ابھیجیت دیپکے کی حراست کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت پر نوجوانوں کو قومی پرچم لہرانے سے روکنے کا الزام لگایا ہے۔ کاکروچ تحریک بھارت میں نوجوانوں کی نمایاں احتجاجی تحریکوں میں شامل ہے۔


