بیجنگ (شِنہوا) بیجنگ میں منعقدہ قومی آن لائن لٹریچر کانفرنس میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں آن لائن لٹریچر کی مارکیٹ کی آمدن 2021 میں 26.72 ارب یوآن (تقریباً 3.97 ارب امریکی ڈالر) سے بڑھ کر 2025 میں 57.47 ارب یوآن ہوگئی جو دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ ہے۔
چائنہ آڈیو ویڈیو اینڈ ڈیجیٹل پبلشنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 14 ویں پانچ سالہ منصوبے (2021 تا 2025) کے دوران آن لائن لٹریچر کے شعبے نے مسلسل ترقی برقرار رکھی۔ اس عرصے میں مواد کی تیاری، بیرون ملک توسیع اور صنعت کے نظم و نسق کے شعبوں میں پیش رفت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق بیرون ملک آن لائن لٹریچر کی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی آمدن 2021 میں 2.91 ارب یوآن سے بڑھ کر 2025 میں 6.98 ارب یوآن ہو گئی جو ملکی مارکیٹ کی ترقی کی رفتار سے زیادہ ہے۔ بیرون ملک تقسیم کی جانے والی ادبی تخلیقات کی تعداد، جن میں بیرون ملک مصنفین کی تخلیق کردہ اصل تحریریں بھی شامل ہیں، 3 لاکھ 14 ہزار 600 سے بڑھ کر 9 لاکھ 33ہزار 100ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آن لائن لٹریچر کے پلیٹ فارمز پر رجسٹرڈ مصنفین کی مجموعی تعداد 2021 میں 2 کروڑ 34 لاکھ 10 ہزار سے بڑھ کر 2025 میں 3 کروڑ 37لاکھ 30 ہزار ہوگئی جبکہ صارفین کی تعداد 46 کروڑ سے بڑھ کر 64 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق صرف 2025 میں چین کی آن لائن لٹریچر کی مارکیٹ کی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 15.99 فیصد اضافہ ہوا جبکہ بیرون ملک مارکیٹ سے آمدن میں 45.03 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فلموں، ٹی وی ڈراموں اور مختصر ڈراموں سمیت مختلف شکلوں میں ادبی کہانیوں کو ڈھال کر بیرون ملک پیش کرنا اس ترقی کی ایک بڑی وجہ رہا۔
حالیہ برسوں میں چینی فلموں، ٹی وی ڈراموں، ویب ناولز اور ویڈیو گیمز کو بیرون ملک بڑھتی ہوئی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ چین کا آن لائن ادب 200 سے زائد ممالک اور خطوں میں کروڑوں قارئین تک پہنچ چکا ہے۔
چین کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے برائے حقوق ملکیت کے تحفظ اور استعمال کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں آن لائن لٹریچر اور فنون کے شعبے میں حقوق اشاعت کے تحفظ اور لین دین کے قواعد کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ حقوق ملکیت کے بین الاقوامی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور کثیرجہتی بین الاقوامی طریقہ کار کے ذریعے اس شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی کام کیا جائے گا۔
منصوبے میں 2030 تک چین کو حقوق ملکیت کے حوالے سے ایک مضبوط ملک بنانے کے عمل میں فیصلہ کن پیش رفت اور 2035 تک اس شعبے میں چین کی مسابقتی صلاحیت کو دنیا کے بہترین ممالک کی صف میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایک اور ہدف کے تحت 2030 تک مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حقوق اشاعت کی صنعتوں کی اضافی قدر کا حصہ بڑھا کر 7.53 فیصد کرنا ہے۔


