جوبا (شِنہوا) جنوبی سوڈان کی یونیورسٹی جوبا نے 124 طلبہ اور یونیورسٹی کے عملے کے ارکان کے لئے چینی زبان کا مفت کورس شروع کیا جس کا مقصد چین اور جنوبی سوڈان کے درمیان تعلیمی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔
جنوبی سوڈان میں چینی سفارت خانے کے تعاون سے شروع کئے گئے اس کورس کی افتتاحی تقریب میں جوبا یونیورسٹی، اپر نائل یونیورسٹی اور اسٹیفورڈ یونیورسٹی کے 88 طلبہ اور عملے کے 36 ارکان نے شرکت کی۔
جامعہ جوبا کے ڈپٹی وائس چانسلر برائے تعلیمی امور آئزک کلیٹو ریا ل نے جنوبی سوڈان میں تعلیم کے فروغ کے لئے چینی سفارت خانے کی مسلسل معاونت، بشمول مقامی طلبہ کے لئے وظائف کے مواقع پر اس کا شکریہ ادا کیا۔
ریا ل نے کہا کہ ہم چینی سفارت خانے کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ وہ ہمارے عوام پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط بنانے میں مدد دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے سے شرکاء کے لئے تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی میں نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے کلاسوں میں شرکت کریں محنت سے پڑھیں اور تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے مستقبل میں اس کورس کے کسی نئے گروپ میں خود بھی شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہتا ہے۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے چینی زبان کی مشق کریں اور تعلیم کی اس بلا معاوضہ سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لئے چینی سفارت خانے کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا جن میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام فٹ بال میچ اور معذور طلبہ کی معاونت شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب کے بعد چینی زبان کے استاد ژانگ ژینگ نے پہلا سبق پڑھایا جس میں شرکاء کو چینی زبان کی بنیادی باتوں سے متعارف کرایا گیا اور باقاعدہ طور پر کورس کا آغاز ہوا۔
ژانگ نے کہا کہ زبان سیکھنے سے مختلف ثقافتوں کے درمیان بہتر تفہیم کو فروغ ملتا ہے اور دوطرفہ تبادلوں کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
ژانگ نے کہا کہ زبان لوگوں، ثقافتوں اور خیالات کو آپس میں جوڑنے والا پل ہے۔ چینی زبان سیکھنے سے سوچ کا دائرہ وسیع ہوتا ہے اور نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
حکام کے مطابق چین اور جنوبی سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کے مسلسل فروغ کے پیش نظر توقع ہے کہ یہ پروگرام دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تفہیم کو فروغ دینے اور دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔


