اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے ایک مندوب نے لیبیا میں سیاسی تعطل جلد از جلد ختم کرنے کے لئے کوششیں کرنے پر زور دیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سہولت کاری میں ہونے والے محدود مشاورتی اجلاس "فورپلس فور” میں طے پانے والا معاہدہ لیبیا کے سیاسی لائحہ عمل پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ یہ معاہدہ لیبیا کے ریاستی اداروں کو متحد کرنے میں مدد دے گا اور قومی انتخابات کے انعقاد اور سیاسی انتقال اقتدار کا عمل مکمل کرنے کی بنیاد فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کا انحصار اس بات پر ہے کہ اسے لیبیا کے تمام فریقوں کی وسیع حمایت حاصل ہوتی ہے یا نہیں۔ لیبیا کے سیاسی عمل کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس اصول کی پاسداری کرنی چاہیے کہ سیاسی عمل کی قیادت لیبیا خود کرے اور اس کی ملکیت بھی اسی کی ہو۔ بیرونی حل مسلط کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
سن لی نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی تعطل کو جلد از جلد ختم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیبیا کی سکیورٹی کی صورتحال کا اس کے سیاسی عمل سے گہرا تعلق ہے۔ کوئی بھی نیا مسلح تصادم بڑی کوششوں سے حاصل ہونے والے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور سیاسی کوششوں کو بے نتیجہ بنا سکتا ہے۔
سن لی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مغربی لیبیا میں توانائی کی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی تشویش کا باعث ہے۔ متعلقہ فریقوں کو چاہیے کہ وہ حملے بند کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو صورت حال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوجی اور سکیورٹی اداروں کو متحد کرنا مستقل جنگ بندی برقرار رکھنے کے لئے انتہائی اہم ہے۔ یہ انتخابات کے پرامن انعقاد اور اقتدار کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لئے بھی ایک اہم شرط ہے۔ چین مشرقی اور مغربی لیبیا کے فریقوں کی جانب سے مذاکرات کو مضبوط بنانے، باہمی اعتماد بڑھانے اور اس عمل کو تیز کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو لیبیا کی خودمختاری اور اس کی قیادت میں جاری عمل کا احترام کرتے ہوئے سرحدی نگرانی بہتر بنانے، سرحد پار جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی اور ہتھیاروں کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لئے ملک کی مزید معاونت کرنی چاہیے۔
سن لی نے لیبیا میں معاشی نظم و نسق اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بھی کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ لیبیا کے ایک اچھے دوست کی حیثیت سے چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے اور لیبیا میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لئے مزید کوششیں کرنے کو تیار ہے تاکہ وہاں کے عوام جلد از جلد امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔


