صوفیہ (شِنہوا) بلغاریہ میں چینی سفارت خانے نے صوفیہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بلغاریہ کی 56 لائبریریوں کو تقریباً 2600 کتب عطیہ کی ہیں۔
’’دی سلک روڈ آف دی بک‘‘ کے عنوان سے یہ تقریب یونیورسٹی آف لائبریری سٹڈیز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجیز (یو ایل ایس آئی ٹی) میں منعقد ہوئی۔ اس کا اہتمام بلغاریہ میں چینی سفارت خانے اور یو ایل ایس آئی ٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
بلغاریہ میں چین کی سفیر دائی چھنگ لی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ، ثقافت، اقدار اور قومی خصوصیات میں تفریق کے باعث مغربی معاشرے اب بھی چین کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے جس کی 5 ہزار سالہ تاریخ اور بھرپور ثقافتی ورثہ ہے۔
دائی نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان مطبوعات کے ذریعے بلغاریہ کے قارئین چین سے زیادہ قریبی تعلق محسوس کریں گے اور اسے بہتر طور پر جان سکیں گے اور نہ صرف وہ ایک قدیم مشرقی تہذیب کے خزانوں کو دریافت کر سکیں گے بلکہ ان بنیادی اصولوں کو بھی سمجھ سکیں گے جن پر جدید چین کے نظام حکومت کی بنیاد ہے۔
یو ایل ایس آئی ٹی کی ریکٹر ارینا پیتیوا نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ کتابیں اپنے قارئین تک پہنچیں گی اور نئی دلچسپیوں، تعارف اور تعاون کے مواقع پیدا کریں گی۔


