ہومتازہ ترینچینی کتابیں جرمن قارئین کو چین کے مزید قریب لا رہی ہیں

چینی کتابیں جرمن قارئین کو چین کے مزید قریب لا رہی ہیں

فرینکفرٹ (شِنہوا) جرمنی کے بعض قارئین کے لئے چین کو دریافت کرنے کا سفر کتاب کا ایک صفحہ پلٹنے سے شروع ہوتا ہے۔

اتوار کو اختتام پذیر ہونے والے فرینکفرٹ بک فیئر 2026 میں ہینوور سے تعلق رکھنے والے ایک کتب فروش، جنہوں نے اپنا نام ایکسل بتایا، چینی مشترکہ پویلین کے قریب رک گئے۔ وہاں چینی سائنس فکشن مصنف لیو سی شن کا ایک پوسٹر ان کی توجہ کا مرکز بنا۔ انہوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار لیو سی شن کا ناول ’’دی ڈارک فاریسٹ‘‘ پڑھا تو اس رات ان کے لئے بمشکل سونا ممکن ہوا۔

انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ ’’میں اس کائنات میں پوری طرح کھو گیا تھا۔‘‘ اس کے بعد سے انہوں نے اپنے چھوٹے سے کتابوں کے سٹور میں لیو سی شن کی تینوں کتابیں رکھنا شروع کر دیں۔ ان تصانیف سے ان کی دلچسپی نے انہیں چین کے دیگر سائنس فکشن مصنفین کو بھی تلاش کرنے کی ترغیب دی۔

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں لوگ فرینکفرٹ بک فیئر میں داخل ہو رہے ہیں-(شِنہوا)

جرمن مترجم اور ماہر علوم چین کارن بیٹز کے مطابق چینی سائنس فکشن حالیہ برسوں میں جرمنی میں غیر معمولی دلچسپی حاصل کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے۔ بیٹز نے لیو سی شن کی 3 جلدوں پر مشتمل ’’ریمیمبرنس آف ارتھس پاسٹ‘‘ کی آخری 2 جلدوں کا جرمن زبان میں ترجمہ کیا ہے اور وہ طویل عرصے سے چینی سائنس فکشن کا مطالعہ اور ترجمہ کر رہی ہیں۔

ان کے خیال میں چینی سائنس فکشن کی مقبولیت کی ایک اہم وجہ خود تحریر کا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیو سی شن روایتی سائنسی حقائق پر مبنی کلاسیکی سائنس فکشن کے انداز میں لکھتے ہیں تاہم اس صنف میں سائنس کے حوالے سے نئے زاویے اور منفرد چینی عناصر بھی شامل کرتے ہیں۔

لبنانی اشاعتی ادارے ڈیجیٹل فیوچر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد الخطیب نے شِنہوا کو بتایا کہ ان کی کمپنی نے چینی ناشرین سے بڑی تعداد میں کتابیں حاصل کی ہیں جن میں بچوں کی کتابوں اور ادب پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

فرینکفرٹ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی جرمن ڈائریکٹر کرسٹینا ویروم وانگ کو جرمنی میں چینی زبان کی تدریس کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

ویرم وانگ کے مشاہدے کے مطابق ماضی میں جرمن قارئین چینی کتابوں کے بارے میں سوچتے ہوئے زیادہ تر کلاسیکی فلسفے اور ادبی شاہکاروں میں دلچسپی لیتے تھے۔ تاہم اب زیادہ سے زیادہ لوگ چین کی سماجی ترقی، تکنیکی جدت اور عصری زندگی کی عکاسی کرنے والی تصانیف کے بارے میں جاننے اور انہیں پڑھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں