ہومتازہ ترینچین کا صحت کا نظام انسانیت کی فلاح و بہبود میں مدد...

چین کا صحت کا نظام انسانیت کی فلاح و بہبود میں مدد فراہم کر رہا ہے

بیجنگ (شِنہوا) ایک ارب 40 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک کے لئے اپنے عوام کی صحت کو یقینی بنانا محض ایک داخلی ترجیح نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ایک اہم خدمت بھی ہے۔

2012 میں ہونے والی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد چین نے عوام کی صحت کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں مزید تیز کر دیں۔ اس سلسلے میں نئے دور میں صحت کے شعبے کے لئے رہنما اصول وضع کئے گئے اور صحت مند چین کے اقدام کو جامع طور پر آگے بڑھانے کے لئے اہم فیصلے اور انتظامات کئے گئے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں چین کے صحت کے شعبے میں تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور قومی احیا کے لئے صحت کی مضبوط بنیاد فراہم ہوئی۔

اعداد و شمار اور حقائق کا ایک سلسلہ صحت کے شعبے میں آنے والی گہری تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ چین نے طبی خدمات، روایتی طب، بیماریوں کی روک تھام اور کنٹرول اور صحت کی دیکھ بھال کے مالی تحفظ کے دنیا کے سب سے بڑے نظام قائم کئے ہیں۔ ملک میں صحت کی خدمات کی استعداد، دستیابی اور مساوی رسائی میں مسلسل بہتری آئی ہے جبکہ عوام کی صحت کی صورت حال بھی بہتر ہوئی ہے۔ چین نے عالمی سطح پر کووڈ-19 کی وبا کے شدید اثرات کا مقابلہ کیا جو چین جیسے بڑی آبادی والے ملک کے لئے ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔

صحت کی خدمات کی ترقی سے چینی عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ اب تک چین میں طبی اور صحت کے شعبے کے 11 لاکھ سے زائد ادارے قائم ہو چکے ہیں۔ چین کی 90 فیصد سے زیادہ آبادی 15 منٹ کے اندر اپنے قریب ترین طبی مرکز تک پہنچ سکتی ہے۔ ملک کے بنیادی طبی بیمہ نظام کے تحت تقریباً 95 فیصد آبادی کو تحفظ حاصل ہے۔ 2025 میں چین میں اوسط متوقع عمر 79.25 سال تک پہنچ گئی۔ بچوں کی شرح اموات کم ہو کر ہر ایک ہزار پیدائشوں میں 3.8 رہ گئی جبکہ زچگی کے دوران ماؤں کی شرح اموات میں کمی کے بعد یہ تعداد ہر لاکھ زندہ پیدائشوں پر 13.4 تک آ گئی۔ اس طرح چین زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تسلیم کئے جانے والے نمایاں کارکردگی کے حامل ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔

عوام کی صحت کو فروغ دینے کے حوالے سے چین کا طریقہ کار اس کے عوام پر مرکوز ترقیاتی فلسفے کی عکاسی کرتا ہے۔ طبی اور صحت کے نظام میں اصلاحات، استعداد کار میں اضافے، قانون سازی اور صحت کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل کوششوں کے ذریعے چین نے صحت کی جامع اور متوازن ترقی کا راستہ اختیار کیا ہے تاکہ سب کے لئے صحت کی سہولتیں یقینی بنائی جا سکیں۔ یہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور چینی حکومت کا ایک پختہ عہد ہے۔

بلاشبہ طبی اور صحت کے شعبے میں چین کی ہمہ جہت پیش رفت انسانیت کی پائیدار ترقی میں ایک اہم کردار کی حیثیت رکھتی ہے۔ دنیا کو صحت کے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں چین صحت کے عالمی نظام کے نظم و نسق اور تعاون میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں