اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں 15 اکتوبر 2026 تک توسیع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق، اسلام آباد میں 3 ہزار اہلکار تعینات رہیں گے۔
اسلام آباد میں 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر رینجرز کی تعیناتی 20 ستمبر سے 5 اکتوبر 2026 تک کی گئی تھی۔ مگر مارچ کی تاریخ تبدیل ہونے کے باوجود سکیورٹی انتظامات جاری رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتی میں توسیع چیف کمشنر اسلام آباد اور محکمۂ داخلہ پنجاب کی درخواست پر کی گئی۔ رینجرز کو چیف کمشنر اور صوبائی حکومت کے تفویض کردہ فرائض انجام دینے کو کہا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں مذاکرات کا دوسرا دور اسپیکر چیمبر میں شروع ہو گیا۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اس کے اعتماد کو ریاست کی طاقت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بنیادی مطالبات میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور بانی پی ٹی آئی تک رسائی اہم ہے۔ حکومت کی جانب سے مطالبات منظور نہ کیے جانے کی صورت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔
مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہوا تھا جسے مثبت قرار دیا گیا۔ فریقین نے اپنے مطالبات پیش کیے، پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت کا مطالبہ کیا جبکہ حکومت نے مطالبات کی منظوری کو مارچ کی منسوخی سے مشروط کیا۔


