اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ورلڈ اسپیس ویک 2026 کی سرگرمیوں کا افتتاح کردیا ہے۔ اس سال کا عالمی موضوع ’راکٹ انقلاب‘ ہے اور ہفتہ بھر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ پاکستان کے خلائی شعبے میں مسلسل ترقی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلاباز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کی منصوبہ بندی جاری ہے جہاں وہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
سپارکو کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ قمری روور کی تیاری بھی جاری ہے جو چانگ ای-8 مشن کے تحت چاند پر بھیجا جائے گا۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ روور کو چاند کے جنوبی قطب پر بھیجا جائے گا۔
انہوں نے طلبہ کو تحقیق اور خلائی شعبے میں تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ سپارکو 2005 سے ورلڈ اسپیس ویک ایسوسی ایشن کا نیشنل کوآرڈینیٹر ہے اور پاکستان 2013 سے ورلڈ اسپیس ویک سرگرمیوں میں سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے۔
اس موقع پر بیکن ہاؤس ٹیپو سلطان کیمپس کے طلبہ نے ‘راکٹ انقلاب’ پر ٹیبلو پیش کیا اور راکٹ ٹیکنالوجی کے فوائد اور نقصانات پر دلائل دیے۔


