نیویارک (لارڈ میڈیا): سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کا بلیک میلنگ کے لیے استعمال ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کو غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے اور سعودی عرب کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے خطے کو تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
فیصل بن فرحان نے فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی تمام کوششوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ باب المندب اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی یقینی بنانی چاہیے۔
سعودی وزیر خارجہ نے یمن کے استحکام اور شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور آبی گزرگاہوں کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کی کشیدگی میں کمی کے لیے کوششوں کی حمایت کی۔


