ماسکو (لارڈ میڈیا): روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ مغرب یوکرین تنازع کے پُرامن حل اور مذاکرات کی بحالی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ لاوروف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک اپنی سابقہ بالادستی برقرار رکھنے کے لئے طاقت اور دباؤ کا استعمال کر رہے ہیں۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ دنیا میں بنیادی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور عالمی نظام میں زیادہ منصفانہ کثیر قطبی نظام تشکیل پا رہا ہے۔ انہوں نے مغرب پر الزام عائد کیا کہ وہ یوکرین کی حکومت کی حمایت کر کے خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی، انہیں طاقت کے استعمال کی پالیسی قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
سرگئی لاوروف نے مشرق وسطیٰ میں فلسطینی ریاست کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی آبادکاری کی توسیع فلسطینی ریاست کے لئے زمین ختم کر رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر توجہ دینے کی تاکید کی۔


