اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر دفاع خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بھتے کی صورت میں مالی وسائل مہیا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو محض پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں دیکھنا اصل مسئلے سے نظریں چرانے کے مترادف ہے۔
خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ ایک صوبائی حکومت کب تک وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی کوشش کرتی رہے گی اور وفاقی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی جاری رکھے گی؟ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے کے مقابلے میں صوبائی حکومت نے اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داری پوری نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں حکومت کے قیام کے بعد سے ان کا ایجنڈا صرف مالی فوائد حاصل کرنا اور سرکاری خزانے کا بے جا استعمال رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے جنازوں میں عدم موجودگی، دہشت گردی کے لیے سازگار بیانیہ بنانے اور پولیس کی استعداد میں اضافہ نہ کرنے پر بھی غفلت برت رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ امن و امان، انسداد دہشت گردی، وفاقی استحکام اور آئینی تقاضے ہمارا قومی ایجنڈا ہے اور پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ان کا نصب العین کیا ہے۔


