اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے تماشے کو ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پالیسی کے تحت کسی کو احتجاج کے لیے اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو 9 مئی کے بعد دی گئی سہولتیں ختم کر دی جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ معطل کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کو چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہے تو لانگ مارچ کرو۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتی ہے اور اس کی پالیسی کا حصہ ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت پر افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کالعدم جماعت کے کمانڈر کی طرح ہیں۔


