ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، جدہ، ینبع، طائف اور تبوک میں ہنگامی خطرے کا الرٹ جاری کیا تھا۔ نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے یہ الرٹ ممکنہ خطرے کے پیش نظر جاری کیا گیا۔ شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدایات دی گئیں کہ وہ سرکاری ہدایات پرعمل کریں، ہجوم سے دور رہیں اور ویڈیو یا تصاویر بنانے سے گریز کریں۔
حکام نے الرٹ جاری کرنے کی فوری وجہ نہیں بتائی، تاہم یہ پیش رفت یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے تناظر میں سامنے آئی۔
کچھ دیر بعد شہری دفاع نے مکہ اور جدہ سمیت تمام شہروں کے لیے جاری الرٹ ٹل جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ ان شہروں میں اب کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔
سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کردیا تھا۔


