لاہور (لارڈ میڈیا): سینئر اداکار راشد محمود کی بیروزگاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انہیں ملاقات کے لیے بلالیا ہے۔ راشد محمود نے اپنی بیماری اور بیروزگاری کی مشکلات کا ذکر ایک ویڈیو کلپ میں کیا جو تیزی سے وائرل ہوگیا۔
وائرل ویڈیو میں راشد محمود نے کہا ہے کہ وہ مہروں کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور پہلے سے ہی دل کے مریض ہیں، جبکہ پچھلے پانچ مہینوں سے کوئی کام نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی دنیا میں ان کا کردار اہم رہا ہے اور انہوں نے برصغیر میں ڈرامہ کی تشکیل میں حصہ لیا۔
راشد محمود نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی ملک کی خدمت میں گزاری، لیکن اب بیروزگاری اور صحت کی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مہنگائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے عوام کو سہولت فراہم کرنے کی اپیل کی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عظمیٰ بخاری نے راشد محمود کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔


