نوئیڈا (لارڈ میڈیا): بھارت کی ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک سلیپر بس میں آگ لگنے سے خاتون سمیت 9 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق بس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے اور حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 11 بجے پیش آیا جب بس نوئیڈا سے مہوبا جا رہی تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کے ایئر کنڈیشننگ سسٹم میں چنگاری کے باعث انجن کا لبریکینٹنگ آئل آگ کی زد میں آیا، جس سے شعلے تیزی سے پھیل گئے۔ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
زیادہ تر مسافر سو رہے تھے، آگ اور دھوئیں کا علم ہونے پر متعدد افراد نے دروازے اور کھڑکیوں سے باہر نکل کر جان بچائی۔ تقریباً 20 مسافر محفوظ رہے جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے کئی مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا۔
فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجی گئیں۔
پولیس نے بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حادثے کے بعد بسوں، خصوصاً سلیپر کوچز، میں حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔


