کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان کی سینئر اور نامور اداکارہ صبا فیصل ایک بار پھر طلاق سے متعلق اپنے متنازع بیان کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
صبا فیصل نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں خاندان میں طلاق ہونے پر لوگ تین ماہ تک سوگ مناتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن خواتین کی طلاق ہوتی تھی، ان کے والد لوگوں کا سامنا نہیں کر پاتے تھے، سر نہیں اٹھا سکتے تھے، تاہم اب صورتحال بدل گئی ہے اور سب کچھ نارمل ہوتا جا رہا ہے۔
صبا فیصل کا کہنا تھا کہ آج کل طلاق معمول بنتی جا رہی ہے، بعض خواتین دوستوں کو بتاتی ہیں کہ طلاق کو کئی ماہ گزر چکے ہیں اور وہ ذہن پرسکون کرنے کے لیے بیرون ملک سے واپس آئی ہیں۔
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردعمل ظاہر کیا ہے اور اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔


