بیجنگ (شِنہوا) چینی ضابطہ کاروں نے امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کو برآمد کئے جانے والے بنیادی کیمیائی مادوں کے کنٹرول سے متعلق فہرست میں ردوبدل کا اعلان کیا ہے جس میں لائسنس کے تحت بھیجے جانے والے کیمیکلز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔
ان تینوں ممالک کے لئے برآمدی کنٹرول کی فہرست میں دو مزید مادوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے قواعد کے تحت برآمد کنندگان کے لئے متعلقہ تینوں ممالک کو فہرست میں شامل 18 کیمیکلز یا ان سے بننے والی نمکیات کی برآمد کے لئے پرمٹ کی درخواست دینا لازم ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق میانمار، لاؤس اور افغانستان کو فہرست میں شامل 41 کیمیکلز کی برآمدات کے لئے پرمٹ کی شرط برقرار رکھی گئی ہے جبکہ دیگر ممالک اور خطوں کو یہ مادے بھیجنے کے لئے ایسے پرمٹس کی ضرورت نہیں۔
چین کی وزارت تجارت، وزارت عوامی تحفظ، وزارت ہنگامی صورتحال، جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز اور نیشنل میڈیکل پروڈکٹس ایڈمنسٹریشن نے مشترکہ طور پر اس تبدیلی کا اعلان کیا جو اجرا کی تاریخ سے ہی نافذ العمل ہو گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بنیادی کیمیائی مادوں کی برآمد کا نظام اور انتظام مزید بہتر بنانا ہے۔


