اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے شعیب شاہین، ملک عامر علی اور دیگر کو ہراساں کرنے سے روک دیا ہے۔
کیس کی سماعت جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کی، جہاں وکلا شعیب شاہین اور ریاست آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔ شعیب شاہین نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ سے قبل گرفتاریاں اور چھاپے شروع ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور سامان اور رقم بھی لے لی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ گھروں سے خواتین اور بچوں کو بھی اٹھایا جا رہا ہے، اور انہوں نے عدالت کو بیان حلفی اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ شعیب شاہین نے استدعا کی کہ عدالت ہراساں کرنے اور گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کرے۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ایس ایس پی آپریشنز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے اور گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔


