نیویارک (لارڈ میڈیا) پاکستان کے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے تمام حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یمن کی بگڑتی صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور یہ عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے حوثی حملوں کے باب المندب کے گرد پھیلاؤ کو سنگین کشیدگی کا باعث قرار دیا اور کہا کہ تجارتی جہاز رانی کے خلاف کارروائیاں آزادیٔ نقل و حرکت اور عالمی بحری تجارت کے لیے خطرہ ہیں۔
سفیر نے مزید کہا کہ 2022 سے یمن میں برقرار نسبتاً پُرسکون صورتحال بدقسمتی سے ختم ہوچکی ہے اور مسلسل کشیدگی یمن میں دوبارہ مکمل جنگ بھڑکنے کا خطرہ بڑھا رہی ہے۔
پاکستان اقوام متحدہ کی زیرِسرپرستی یمن کی قیادت میں سیاسی عمل کی بحالی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سیاسی تصفیے کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔


