ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی فوجی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ڈرون کو مکہ کے گرد ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک لیا گیا، اور یہ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں مقدس مساجد کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور فوجی اتحاد حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات اٹھائے گا۔
حوثیوں کی جانب سے پہلے بھی جولائی 2017 میں مکہ پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔
اس سے قبل منگل کی رات کو سعودی شہروں جزان، ابہا اور خمیس مشیط میں حملے کے خطرات پر سائرن بج اٹھے تھے، تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی۔
پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔


