سوات (لارڈ میڈیا) : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی روزانہ نیا دھرنا شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مطالبات تسلیم نہ کرنے پر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے چترال تک تاریخی ہڑتال ہوئی ہے اور عوام نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کا ٹیکس استثنیٰ کا مطالبہ جائز ہے اور اسے پورا کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی وجہ سے مہنگائی بڑھ گئی ہے اور عوام کو پیٹرول خریدنے پر 35 فیصد زائد ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔ حکمران اپنی نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے ہوں گے ورنہ احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پرسوں سے سوات کے نشاط چوک میں دھرنا شروع ہوگا اور یہ پہیہ جام کی صورت میں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہیہ جام کے بعد پیدل مارچ کیا جائے گا اور پورا پاکستان جام ہوگا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو حکومت گراؤ، انقلاب لاؤ مارچ ہوگا۔


