بخارسٹ (شِنہوا) ایئر چائنہ نے چین کے دارالحکومت بیجنگ کو رومانیہ کے بخارسٹ اور کروشیا کے زغرب سے ملانے والے نئے فضائی روٹ پر پہلی پرواز چلا دی۔
اس کے ساتھ ہی کئی سال کی معطلی کے بعد چین اور رومانیہ کے درمیان براہ راست پروازیں بحال ہوگئیں جبکہ کروشیا کے ساتھ پہلا براہ راست فضائی رابطہ بھی قائم ہوگیا۔
سی اے 913 اور سی اے 914 پرواز نمبروں کے تحت چلنے والی یہ پرواز بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر بخارسٹ میں مختصر قیام کے بعد زغرب پہنچے گی۔ ابتدائی مرحلے میں ایئربس اے 330 طیاروں کے ذریعے یہ سروس ہفتے میں تین مرتبہ یعنی پیر، بدھ اور جمعہ کو چلائی جائے گی۔
بخارسٹ بلقان کے سب سے زیادہ آبادی والے اندرون ملک شہروں میں شامل اور رومانیہ کا سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی مرکز ہے جبکہ زغرب، جس کی تاریخ 11ویں صدی تک جاتی ہے، کروشیا کا ایک اہم ثقافتی، سیاحتی اور اقتصادی مرکز ہے۔
رومانیہ کی وزارت خارجہ میں عالمی امور کے ڈائریکٹر جنرل کیلن متری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی باہم مربوط عالمی معیشت میں براہ راست فضائی رابطہ محض سفری سہولت میں بہتری نہیں بلکہ بین الاقوامی تعاون کے لئے مضبوط معاونت بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے فضائی روٹ کا آغاز دونوں فریقوں کو ہوائی اڈوں کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، افرادی قوت کی تربیت اور نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے کے لئے ایک قیمتی پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔
رومانیہ میں چین کے سفیر چھن فینگ نے کہا کہ چین اور رومانیہ کے درمیان باقاعدہ براہ راست مسافر پروازوں کی بحالی دونوں ممالک کے عوام کی مشترکہ خواہش اور دونوں جانب کی طویل مدتی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
چھن نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ اس سے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون مزید مضبوط ہوگا، ثقافتی و عوامی تبادلے گہرے ہوں گے، باہمی مفاہمت کو فروغ ملے گا اور چین۔رومانیہ تعلقات کی پائیدار اور صحت مند ترقی میں نئی توانائی پیدا ہوگی۔


