باسیٹیر (لارڈ میڈیا): کیریبئن پریمیئر لیگ 2026 کے 18ویں میچ میں پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت جمیکا کنگز مین نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو 11 رنز سے شکست دے دی۔
وارنر پارک میں کھیلے گئے میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے ٹاس جیت کر جمیکا کنگز مین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جمیکا کنگز مین نے صائم ایوب کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
صائم ایوب نے 58 گیندوں پر 102 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ کیمو پال نے بھی 13 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم اضافہ کیا۔
سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے ونیندو ہسرنگا نے 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 35 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پیٹریاٹس ٹیم 171 رنز پر محدود رہی اور 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جمیکا کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ اور جیدیہ بلیڈز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔


