نیویارک (لارڈ میڈیا): کنٹری میوزک کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ڈولی پارٹن 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کی موت کی خبر نے دنیا بھر میں مداحوں کو غمزدہ کردیا۔ ڈولی پارٹن کی ٹیم نے کہا کہ ان کی میراث محبت، ہمدردی اور ثابت قدمی پر مبنی ہے۔
چھ دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کے دوران ڈولی پارٹن نے دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت کیے اور 3 ہزار سے زیادہ گیت تحریر کیے۔ موسیقی اور شوبز کی دنیا کی متعدد نامور شخصیات نے ان کی دنیا سے رخصتی پر افسوس کا اظہار کیا۔
سر پال میک کارٹنی نے کہا کہ ڈولی کے بغیر دنیا کا تصور کرنا مشکل ہے جبکہ اوپرا ونفری نے کہا کہ ڈولی کی موجودگی نے ہم سب کو بہتر بنایا۔ سر ایلٹن جان نے ڈولی پارٹن کو منفرد اور ناقابلِ تلافی قرار دیا۔
ڈولی پارٹن نے انتہائی غربت سے اپنی زندگی کا سفر شروع کیا۔ وہ امریکی ریاست ٹینیسی کے اسموکی ماؤنٹینز میں ایک کمرے کے چھوٹے سے گھر میں پیدا ہوئیں اور بعد ازاں اپنی محنت، غیر معمولی آواز اور منفرد انداز کے باعث عالمی شہرت حاصل کی۔
انہوں نے موسیقی کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جبکہ گلاسٹنبری فیسٹیول سمیت بڑے عالمی اسٹیجز پر پرفارم کرکے ہر عمر کے شائقین کے دل جیتے۔


