ماسکو (لارڈ میڈیا): روس کی دوسری بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی اوزون کے کئی لاجسٹک مراکز کو یوکرینی ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد گوداموں میں آگ لگ گئی اور 3 بچے جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اوزون کے مطابق کراسنودار، داغستان، اسٹاوروپول اور اڈیگیا میں لاجسٹک مراکز متاثر ہوئے، جبکہ بعض مقامات سے ملازمین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ کراسنودار میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق ہوئے، جن کی عمریں 13، 15 اور 16 سال تھیں، جبکہ مزید 6 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ داغستان کے مخاچکالا میں اوزون کے ایک لاجسٹک مرکز میں صبح تقریباً 5 بجے ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جبکہ کراسنودار میں بھی ایک بڑے مرکز میں شدید آگ لگنے کی اطلاع ہے۔
اوزون کے مطابق ایک روز قبل سامارا کے علاقے میں موجود مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں کئی ملازمین زخمی ہوئے۔ حملوں کے بعد ماسکو اسٹاک ایکسچینج میں اوزون کے حصص کی قیمت 12 فیصد تک گر گئی، جبکہ اے ایف کے سسٹما کے حصص میں بھی تقریباً 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کی جانب سے معاشی اہداف کو نشانہ بنانے پر خبردار کیا ہے کہ روس کیف کے حساس معاشی شعبوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یوکرین کئی ہفتوں سے روس کی بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی وائلڈ بیریز سے منسلک مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم ماسکو اس الزام کی تردید کرتا ہے۔


