کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستانی شوبز کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کی خبر دی۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ بعض اوقات انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے، لیکن اللہ اس کے لیے کچھ اور منصوبہ بنا چکا ہوتا ہے۔
جب رب ’کن‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔ حمیرا بانو کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں ان کے شوہر کا چہرہ نظر نہیں آرہا، تاہم اداکارہ کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
حمیرا بانو کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور انہیں خصوصاً ماں کے کرداروں میں پسند کیا جاتا ہے۔


