اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ شامی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور شام کے گہرے تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شامی وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کی دعوت اسحاق ڈار نے دی تھی اور اس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات اور علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوگا۔ یہ دورہ پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ 2007 کے بعد شام سے کسی اعلیٰ عہدیدار کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ 2007 میں شامی وزیر خارجہ ولید المعلم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔


