بیجنگ (شِنہوا) چین نے کرغزستان اور ویتنام کو اپنے 240 گھنٹے کے بغیر ویزا مختصر قیام کے پروگرام میں شامل کر لیا ہے جس کے بعد اس پالیسی سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کی مجموعی تعداد 57 ہوگئی ہے۔
قومی امیگریشن انتظامیہ (این آئی اے) کے مطابق 20 اگست سے کرغزستان اور ویتنام کے عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری، جن کے پاس کسی تیسرے ملک یا خطے کے لئے تصدیق شدہ تاریخ اور سفر کی تفصیلات والا ٹکٹ ہو، چین کے 65 داخلی راستوں میں سے کسی بھی راستے کے ذریعے بغیر ویزا داخل ہوسکتے ہیں اور 240 گھنٹے یا 10 دن تک قیام کرسکتے ہیں۔
دونوں ممالک کے عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری اسی روز سے چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے لئے 30 روزہ ویزا فری داخلے کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس کے تحت وہ ہائی نان کے داخلی راستوں کے ذریعے صوبے میں داخل ہوکر 30 دن تک بغیر ویزا قیام کرسکیں گے۔ ان دونوں ممالک کی شمولیت کے بعد ہائی نان کی اس ویزا فری پالیسی میں شامل ممالک کی تعداد 61 ہوگئی ہے۔
این آئی اے کے مطابق بغیر ویزا قیام کے دوران مسافر سیاحت، کاروبار، تبادلہ پروگراموں اور رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے چین میں رہ سکتے ہیں۔ تاہم دونوں پالیسیوں کے تحت ملازمت، تعلیم یا صحافتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے جن کے لئے اب بھی متعلقہ ویزا درکار ہوگا۔
یہ اقدامات بین الاقوامی سفر اور مختلف ممالک کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے کے لئے چین کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔


