لاہور (لارڈ میڈیا) : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 130 روپے ٹیکس عائد کیے جانے پر سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول لیوی اور دیگر ٹیکسوں کا بھاری بوجھ ڈالا ہوا ہے۔
جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کر رہی ہے اور لاہور، پشاور اور کراچی میں جاری دھرنوں میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں 80 سے 90 فیصد لوگوں کی آمدنی پر انکم ٹیکس واجب نہیں، مگر حکومت نے ان پر بھی پیٹرول لیوی عائد کر رکھی ہے۔ انہوں نے حکومت سے عوام پر عائد اضافی بوجھ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کو تین دن ہو چکے ہیں اور یہ احتجاج حکومت کے لیے ایک مؤثر ضرب ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جاری تحریک کا مقصد عوام کو ریلیف دلانا ہے اور جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، دھرنے جاری رہیں گے۔ انہوں نے پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دو سال قبل آئی پی پیز کے معاملے کو اجاگر کیا تھا اور موجودہ تحریک مہنگائی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہے۔


