دبئی (لارڈ میڈیا): سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ علاج کے لیے دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔ فیملی ذرائع کے مطابق، انہیں دبئی میں ڈاکٹروں کی جانب سے تفصیلی طبی معائنہ کرایا گیا۔
قمر جاوید باجوہ تین ہفتے سی ایم ایچ میں زیر علاج رہے، ان کے سر اور کمر میں چوٹ آئی تھی۔ سابق آرمی چیف کے فیملی ذرائع نے بتایا کہ ان کی صحت بہتر ہے لیکن کچھ ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، ڈاکٹروں کی ہدایات کے بعد قمر جاوید باجوہ کی واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وہ دبئی میں اپنے بیٹے کے ساتھ کچھ دن قیام کریں گے۔
جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ساڑھے چار ماہ قبل گھر میں وضو کے دوران گرنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے فروری میں ان کے زیر علاج ہونے کی تصدیق کی تھی۔


