خضدار (لارڈ میڈیا) سیکیورٹی فورسز نے خضدار کے شور پرود کے پہاڑی علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی جس میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آپریشن کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور دہشت گردوں کی موجودگی کے ممکنہ مقامات کی تلاشی کا عمل شروع کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے مزید کہا کہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن تیز کردیا گیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خضدار میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔


