اسلام آباد (لارڈ میڈیا)، 14 اگست: پاکستان کی صف اول کی نیوز ایجنسی لارڈ میڈیا نیٹ ورک اور چین کے گوئیژو ڈیلی پریس نے میڈیا تعاون کو فروغ دینے، پاک۔چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیم، صحت، تجارت، بنیادی ڈھانچے، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے تین سالہ فریم ورک تعاون معاہدے پر دستخط کر دیے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے اپنے میڈیا وسائل، جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور ابلاغی ذرائع کو یکجا کرتے ہوئے وسائل کے اشتراک، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ ترقی کو فروغ دیں گے۔
معاہدے میں تعاون کو قلیل، درمیانی اور طویل مدتی اہداف کے تحت مرحلہ وار آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
قلیل مدتی منصوبے کے تحت دونوں ادارے پاک۔چین تعلقات کے قیام اور ارتقا پر مبنی مشترکہ میڈیا مواد تیار اور شائع کریں گے، جبکہ گُوئیژو سے متعلق خبروں اور فیچرز کو پاکستان کے مرکزی میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدگی سے نشر اور شائع کرنے کو فروغ دیا جائے گا۔
درمیانی مدت کے اہداف میں غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت، معیشت و تجارت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پاک۔چین تعاون کو اجاگر کرنا شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے گوئیژو میں مشترکہ انٹرویوز اور ڈاکیومنٹری فلم سازی، دونوں اداروں کے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تبادلوں، نیز میڈیا مواد اور تکنیکی وسائل کے اشتراک کو بھی معاہدے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
طویل مدتی منصوبے کے تحت چینی اور پاکستانی میڈیا اداروں کے درمیان ایک مربوط بین الاقوامی ابلاغی برادری (International Communication Community) کے قیام کی کوشش کی جائے گی، جبکہ گوئیژو اور پاکستان کے درمیان تعلیم، صحت، معیشت، تجارت، ثقافتی سیاحت اور دیگر شعبوں میں عملی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
معاہدے پر دستخط کو پاکستان اور چین کے صوبہ گُوئیژو کے درمیان ادارہ جاتی میڈیا تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان خبروں کے باقاعدہ تبادلے، مشترکہ رپورٹنگ، پیشہ ورانہ تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کرے گا۔
اس معاہدے سے توقع ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان میڈیا روابط مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ترقی، ثقافت اور تعاون کے مختلف پہلوؤں سے بہتر انداز میں آگاہی حاصل ہوگی۔


