راولپنڈی (لارڈ میڈیا): پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر مسلح افواج نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے تحریک پاکستان کے بانی رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئرچیف نے قوم کو مبارکباد دی اور قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر بانیان کی قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ان رہنماؤں کی قربانیوں نے آزادی کے خواب کو ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں تبدیل کر دیا۔ ان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے اور یہ ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کے تحفظ کی ترغیب دیتا ہے۔
مسلح افواج نے اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور سابق فوجیوں و قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہر خطرے کے خلاف مادر وطن کا دفاع اور آئین کی پاسداری کریں گی۔
مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے عزم کا اعادہ کیا اور امن، استحکام و قومی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یوم آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے عہد کی تجدید کریں اور قومی یکجہتی کے لیے مل کر کام کریں۔ مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔


