اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : اسلام آباد کے علاقے ایف۔ 6 میں وزارت داخلہ کے پہلے جدید خدمت مرکز کی تعمیر شروع ہو گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق یہ مرکز پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار تمام متعلقہ اداروں کی سہولیات ایک چھت تلے فراہم کرے گا۔ مرکز میں لائسنسز، این او سیز، ویزا، شناختی کارڈ، پاسپورٹ سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ مرکز میں جدید پبلک ڈیلنگ ہال، سروس کاؤنٹرز اور کشادہ ویٹنگ ایریا بھی قائم کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف-6 میں زیر تعمیر مرکز کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جلد دیگر شہروں میں بھی عوام کی سہولت کے لیے ایسے خدمت مراکز قائم کیے جائیں گے۔


