کراچی (لارڈ میڈیا): امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں عوامی رائے کو نظرانداز کر کے حکومتیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جب عوام کی مرضی سے حکومتیں نہیں بنتیں تو اعتماد کا بحران پیدا ہوتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے نظام کی ناکامی کا اعتراف کیا گیا ہے، لیکن صرف اعتراف کافی نہیں، یہ دیکھنا ہوگا کہ عوام کو انتخابات میں کیسے شامل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں عام لوگوں کا کوئی حصہ نہیں، اور مسائل کا حل صرف آئین کی پیروی میں ہے۔
انہوں نے مکہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے اگلے مرحلے میں ایران، قطر اور بنگلادیش کو شامل کیا جانا چاہیے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ مکہ معاہدہ صرف دفاع کے لیے نہیں بلکہ معیشت کے لیے بھی ہونا چاہیے، اور اسرائیل کو کھل کر آنکھیں دکھانے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ غزہ میں مسلسل شہادتیں جاری ہیں اور امریکہ اسرائیل کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔


