مسقط (لارڈ میڈیا): عمان نے سیاحت کے فروغ کے لیے 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے اہل غیر ملکی شہری بغیر کسی ویزا فیس کے عمان میں 14 دن تک قیام کر سکیں گے۔ حکام کے مطابق یہ ویزا صرف ان ممالک کے شہریوں کو دیا جائے گا جن کا انتخاب متعلقہ عمانی اتھارٹی کرے گی، تاہم ابھی تک ان ممالک کی فہرست جاری نہیں کی گئی۔
نئے ضابطے کے تحت اگر کوئی مسافر 14 روزہ مفت ویزا پر عمان آتا ہے اور بعد میں قیام میں توسیع چاہتا ہے تو اسے مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے کسی دوسرے سیاحتی ویزا میں تبدیلی کی درخواست دینا ہوگی۔ اس کے لیے تمام شرائط پوری کرنا اور فیس ادا کرنا ضروری ہوگا۔
حکام کو امید ہے کہ مفت ویزا کی سہولت سے زیادہ لوگ چھٹیاں گزارنے یا مختصر تفریحی سفر کے لیے عمان آئیں گے، جس سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا۔
مفت سیاحتی ویزے کا فیصلہ 2 اگست 2026 کو عمان کے سرکاری گزٹ میں شائع کیا گیا، جبکہ اس پر عملدرآمد 3 اگست سے شروع ہوچکا ہے۔
ایگزیکٹو ریگولیشنز کے آرٹیکل 29 کے تحت ویزا فیس کے شیڈول میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت 14 روزہ سیاحتی ویزا کی فیس صفر عمانی ریال مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں سیاحت کو فروغ دینا اور مختصر دورانیے کے سفر کو آسان بنانا ہے۔


