اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے معاملے میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے ایک جائزہ اجلاس میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
شہباز شریف نے نجکاری کمیشن کی جاری اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کامیاب روڈ شوز اطمینان بخش ہیں اور نجکاری کے مراحل منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں تاکہ اداروں میں سرمایہ کاری بڑھائی جا سکے۔
انہوں نے نجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری مراحل کی سہولت کے لیے تمام قانونی اور مالیاتی انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں گیپکو، فیسکو اور آئیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے لیے روڈ شوز مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترکیہ، سعودی عرب اور چائنا میں روڈ شوز کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔


