اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست گزاروں میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر عمران اسماعیل، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف شامل ہیں۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں جیل حکام کے مبینہ نامناسب رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ بانی کے دوست ہونے کی وجہ سے ان کی صحت اور خیریت پر گہری تشویش ہے۔
درخواست کے مطابق بانی کے اہلِ خانہ، دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو کئی ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس سے سوشل میڈیا پر افواہوں کو ہوا مل رہی ہے اور عوامی سطح پر بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور قومی مصالحت کے لیے بانی سے ملاقات ضروری ہے۔ بانی کو ملاقاتوں سے محروم رکھنا آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مرضی کے بغیر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکتی، اور ہم بات چیت کے ذریعے چیزیں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی کو ڈائیلاگ میں شامل کیے بغیر کوئی بڑا فیصلہ نہیں لیا جا سکتا۔


