اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کی دیرینہ شراکت داری اور معاشی اصلاحات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے جائیکا کے ساتھ تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے روابط کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے معاشی چیلنجز پر قابو پا لیا ہے اور اصلاحات کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے ہنر اور روزگار کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا۔ انہوں نے جائیکا کے تکنیکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز کے فروغ سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
ڈاکٹر تناکا نے پاکستان میں میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاکستانی قیادت کی مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔


