راولپنڈی (لارڈ میڈیا): یوم استحصال کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے مشترکہ پیغام میں مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات علاقائی عدم استحکام اور انسانی مصائب کے تسلسل کا باعث بنتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا گہرا تعلق کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔


