ہومتازہ ترینچین میں ارضیاتی خطرات کے خلاف موسمیاتی صلاحیت بڑھانے کے لئے 5...

چین میں ارضیاتی خطرات کے خلاف موسمیاتی صلاحیت بڑھانے کے لئے 5 سالہ عملی منصوبہ جاری

بیجنگ (شِنہوا) چین نے 2026 سے 2030 تک ملک بھر میں ارضیاتی آفات کی روک تھام کو مضبوط بنانے کے لئے 5 سالہ عملی منصوبہ جاری کر دیا ہے، جس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور مقامی سطح پر ہنگامی ردعمل کی استعداد بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

وزارت قدرتی وسائل کی جانب سے منگل کو جاری ہونےوالے اس منصوبے کے مطابق زیادہ خطرات سے دوچار علاقوں سے 50 ہزار خاندانوں کو منتقل کیا جائے گا، ارضیاتی آفات کے خطرے سے دوچار 4 ہزار 200 سے زائد مقامات پر انجینئرنگ منصوبے نافذ کئے جائیں گے، جبکہ 6 ہزار 100 سے زائد مقامات پر موجود حفاظتی خطرات کا خاتمہ کیا جائے گا۔

منصوبے میں موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں خطرات کے جامع سروے، نگرانی اور پیشگی انتباہی نظام کو مزید موثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شدید بارشوں، موسم میں اچانک تبدیلیوں اور خشک سالی و سیلاب کے اچانک یکے بعد دیگرے آنے جیسے عوامل سے پیدا ہونے والی آفات کے اسباب پر تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

آئندہ برسوں کے دوران چین ایک مربوط قومی ارضیاتی آفات معلوماتی پلیٹ فارم قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ بگ ڈیٹا، بڑے اے آئی ماڈلز اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی اور صوبائی نظاموں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

پیچیدہ جغرافیائی ساخت، متنوع ارضیاتی حالات، زمینی پرتوں کی مسلسل سرگرمی اور شدید موسمی واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث چین ارضیاتی آفات کے حوالے سے ایک حساس ملک ہے۔

وزارت کے مطابق 2025 کے اختتام تک ملک بھر میں تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار ارضیاتی خطرات والے مقامات کی نشاندہی کی جا چکی تھی، جن سے ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کو خطرات لاحق ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں