کراچی (لارڈ میڈیا): آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز اپنے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے اہم مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بجائے ماہانہ تعین، ٹول ٹیکس میں کمی اور 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی بجائے 2 فیصد کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ قوانین پر عملدرآمد اور اوورلوڈنگ کی روک تھام کی جائے، جبکہ کسٹمز کے ایس آر او 1619/2024 کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ ملک شہزاد اعوان نے ڈرائیورز کے لیے ٹیسٹ کے بعد ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا اور کراچی پورٹ کے قریب پارکنگ کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو جلانے کے واقعات تشویشناک ہیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ 20 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی کے قانون کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے سندھ میں تھرڈ پارٹی انشورنس کے نام پر مبینہ بھتہ خوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔


