اسلام آباد (لارڈ میڈیا) انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں سزا سنا دی ہے۔ مجرمان حسن محمد، سلمان خان اور محمد دانش کو سات سال قید کے ساتھ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کیخلاف فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹر، سیفٹی وائرز، سات سلنڈر، نٹ، بولٹس، بال بیرنگ، کیلیں اور بغیر لائسنس تیس بور پستول برآمد ہوئے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے کالعدم تنظیم طالبان کے جھنڈے، جعلی شناختی کارڈز اور چند نقشے بھی برآمد ہوئے، جن کے ذریعے وہ خود کو خیبر پختونخوا پولیس کے افسر ظاہر کرتے تھے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد ان کی نیت نقصان پہنچانے کی نشاندہی کرتا ہے، ملزمان نے کالعدم تنظیم کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعتراف کیا۔ رواں سال اپریل میں خفیہ اطلاع پر تینوں ملزمان کو مویشی منڈی، سہمانی کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔


