لاہور (لارڈ میڈیا): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پی ایس او سمیت آئل کی بڑی کمپنیوں کا اربوں روپے کا فراڈ پکڑ لیا ہے۔ آئل کمپنیوں نے اپنی فروخت کے حساب سے کسٹم ڈیوٹی اور پیٹرولیم لیوی جس میں کلائمیٹ لیوی بھی شامل ہے، کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروائی۔
ایف بی آر نے پیٹرولیم مصنوعات کے اعدادوشمار کے ساتھ کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ایف بی آر نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت ملک کی 7 بڑی آئل کمپنیوں کو 10 ارب روپے کے قریب رقم پیٹرولیم لیوی اور کسٹمز ڈیوٹی کلائمیٹ لیوی کی مد میں کم جمع کروانے پر نوٹس جاری کیے ہیں۔
نوٹس کے مطابق پی ایس او کو 8 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ 79 ہزار 738 روپے، پوما انرجی اور پاک عرب پائپ لائن نے کسٹمز ڈیوٹی، پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیوی کی مد میں 13 کروڑ 53 لاکھ 39 ہزار 806 روپے، ہائی ٹچ لبرکنٹ کو 11 کروڑ 67 لاکھ 53 ہزار 65 روپے، بی انرجی لمیٹڈ کو 25 کروڑ 63 ہزار 663 روپے، تاج گیسو لین کو 26 کروڑ 4 لاکھ 67 ہزار 404 روپے اور گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کو 22 کروڑ 22 لاکھ 26 ہزار 252 روپے جمع کروانی ہے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ نوٹس کا بروقت جواب نہ دینے اور رقم جمع نہ کروانے کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔


