ہنگو (لارڈ میڈیا) ہنگو کے خزینہ بانڈہ چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
پولیس کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی کی قیادت میں اضافی نفری روانہ کی گئی، جنہیں راستے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ اس حملے میں بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ مقابلہ جاری ہے۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ شہداء کے لیے اعلیٰ اعزازات کی سفارش کی جائے گی۔
آئی جی پی نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔


