لاہور (لارڈ میڈیا) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مخالفین پر دھاندلی کا شور مچانے والے خود بے ضابطگی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف اور مریم نواز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوامی خدمت کی سیاست پر اعتماد کا ثبوت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ میرپور اور مظفرآباد کے عوام پہلے ہی مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرچکے ہیں اور 2 اگست کو ووٹنگ کے ذریعے اس کی رسمی تصدیق کریں گے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور عوامی فلاح کے منصوبے بھی جاری ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کشمیر کے نوجوان بھی لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس کے مستحق ہیں اور انہیں مواقع فراہم کیے جانے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جبکہ آج پاکستان عالمی امن کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے مخالفین کے دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھاندلی کا شور مچانے والے خود بے ضابطگی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ اگر مخالفین انتخابات جیتنا چاہتے ہیں تو انہیں بھی نواز شریف اور مریم نواز جیسی قیادت سامنے لانا ہوگی۔


