بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں 34.17 ارب بین العلاقائی سفری دورے ریکارڈ کئے گئے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.2 فیصد زیادہ ہیں۔
وزارت کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سڑک کے ذریعے سفری دوروں کی تعداد 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 31.32 ارب تک پہنچ گئی، جبکہ آبی راستوں کے ذریعے سفری دورے 4.3 فیصد بڑھ کر 13 کروڑ رہے۔
اسی عرصے کے دوران چین میں تجارتی مال برداری کا حجم 28.07 ارب ٹن رہا، جو گزشتہ سال کی نسبت 3.2 فیصد زائد ہے۔ مجموعی مال برداری میں سڑک کے ذریعے 21.22 ارب ٹن اور آبی راستوں کے ذریعے 4.23 ارب ٹن سامان منتقل کیا گیا۔
ملک بھر کی بندرگاہوں پر کارگو کی مجموعی نقل و حمل میں 2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 9.07 ارب ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ کنٹینر ہینڈلنگ میں 5.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں یہ حجم 18 کروڑ ٹی ای یو تک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، جنوری سے جون 2026 کے دوران نقل و حمل کے شعبے میں مستقل اثاثوں پر سرمایہ کاری بلند سطح پر برقرار رہی، جس کا مجموعی حجم 15 کھرب یوآن (تقریباً 220.81 ارب امریکی ڈالر)رہا۔ اس میں سے شاہراہوں پر سرمایہ کاری 10 کھرب یوآن جبکہ آبی نقل و حمل کے شعبے میں سرمایہ کاری 109.9 ارب یوآن رہی۔


